کرناٹکا کا وزیر اعلیٰ بننا ہے تو2500 کروڑ روپے میں کرسی تیار! یتنال

اسٹیٹ نیوز سلائیڈر

بنگلورو:۔کرناٹکا کی بی جے پی حکومت جو پہلے ہی کرپشن کے متعدد الزامات کے گھیرے میں ہے اب اس کیلئے اسی پارٹی کے رکن اسمبلی بسونا گوڈا پاٹل یتنال کے تازہ بیان نے نئی پریشانی کھڑی کردی ہے اور اب سوالات اٹھائے جارہے ہیں کہ کیا بی جے پی نے ہر کرسی کے لئے ریٹ فکس کررکھے ہیں ؟یتنال کہاکہ بی جے پی کی قیادت کا نام لے کر کسی نے ان سے رابطہ کیا اور کہا کہ اگر ان کے پاس 2500کروڑ روپے ہیں تو وہ رقم تیار رکھیں ان کو وزیر اعلیٰ بنا دیا جائیگا۔اخباری نمائندو ں سے بات کرتے ہوئے یتنال نے یہ سنسنی خیز انکشاف کیا اور کہا کہ بی جے پی کے قومی صدرجے پی نڈا کا نام لے کر ان سے کسی نے رابطہ کیا اور کہا کہ اگر وزیر اعلیٰ بنناہے تو وہ رقم تیار رکھیں۔ جیسے ہی میڈیا پر یتنال کا یہ بیان آیا بی جے پی کے ریاستی حلقوں میں ہلچل مچ گئی – اس سلسلہ میں میڈیا کے نمائندو ں نے جب وزیر اعلیٰ بسواراج بومئی اور ریاستی بی جے پی صدر نلین کمار کٹیل سمیت دیگر رہنماؤں سے سوال کرنا شروع کردیا تو کسی نے کوئی جواب نہیں دیا- وزیر اعلیٰ بومئی جو پی ایس آئی بھرتی معاملہ میں کانگریس قائدین کو نشانہ بنانے کیلئے بیان دے رہے تھے جیسے ہی ان سے یتنال کے بیان کے بارے میں سوال کیا گیا تو وہ اپنی بات روک کر خاموشی سے میڈیا کے نمائندو ں سے دور نکل گئے۔کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ڈی کے شیو کمارنے یتنال کے اس بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یتنال بی جے پی کے ایک سینئر رہنما ہیں مرکزی وزیر رہ چکے ہیں- ساتھ ہی وہ طویل عرصہ تک رکن اسمبلی اور رکن کونسل بھی رہ چکے ہیں ان کے تجربے کی بنیاد پر انہوں نے جو بیان دیا ہے اس کو کافی سنجیدگی سے لینا چاہئے- انہوں نے کہا کہ اپنے بیان سے یتنال نے جو انکشاف کیا ہے اس کی جانچ قومی سطح پر کی جانی چاہئے۔سوال یہ اٹھتا ہے کہ کیا بی جے پی کی قومی قیادت وزرائے اعلیٰ کے عہدوں کو فروخت کرنے پر اتر آئی ہے- شیو کمار نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ بی جے پی میں ہر بڑے اور چھوٹے عہدے کیلئے ریٹ فکس ہے- وزیر اعلیٰ بننا ہے تو 2500کروڑروپے- وزیر بننا ہے تو 100 کروڑ روپے، کسی بڑے سرکاری عہدے پر آنا ہے تو الگ ریٹ، پولیس سب انسپکٹر بننا ہے تو اس کاالگ ریٹ- روزانہ اس سلسلہ میں انکشاف ہو رہا ہے – کانگریس ان حقائق کو عوام کے سامنے رکھے گی۔ریاستی اسمبلی کے نائب اپوزیشن لیڈر یو ٹی قادر نے کہا کہ جس طرح بی جے پی کے سینئر رکن اسمبلی یتنال نے وزیر اعلیٰ کے عہدے کی نیلامی کا ریٹ فکس کیا ہے-اگر یتنال کا بیان غلط ہے تو پھر بی جے پی کی قیادت نے اب تک ان کو نوٹس کیوں نہیں دیا؟انہوں نے کہا کہ پی ایس آئی معاملہ میں جانچ ایجنسیوں کی مدد کرنے والے کانگریس رکن اسمبلی پریانک کھرگے کو اب تک تین بار نوٹس جاری کردیا گیا ہے- پھر یتنال کے اتنے بڑے بیان پر ان کے خلاف کارروائی کیوں نہیں؟۔