شیموگہ:۔شہر میں زیر التواء اورتکمیل شدہ اسمارٹ سٹی کے غیر معیاری تعمیرات کے خلاف آج شیموگہ ناگریکا ہتا رکشنا ویدکے یونین کی جانب سے گوپال گوڑا بڑاونے کے پٹرول بنک کے روبرو احتجاج کیا گیا۔ مظاہرین نے اپنی ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ شیموگہ میں ہونے والے اسمارٹ سٹی کی دقتوں کا سلسلہ ختم ہونے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ اسمارٹ سٹی کے ناقص کاموں کی وجہ سے شہر میں ہونے والی چھوٹے پیمانے پر بارش سے بھی سیلاب کی صورتحال پیدا ہورہی ہے۔ نالیوں کی نکاسی ٹھیک سے نہ ہونے کہ وجہ سے پانی بھر کر راستے پر بہہ رہا ہے۔ بہنے والے پانی کی وجہ سے کئی طرح کی دقتوں کاسامنا کرناپڑرہا ہے۔ کئی جگہوں پر تعمیر ات مکمل ہوجانے کے بعد بھی تکمیل شدہ کاموں اورفٹ پات کے ٹائلس کو دوبارہ نکال کردرست کیا جارہا ہے۔مظاہرین نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہاں انہیں کوئی پوچھنے یا سوال کرنے والا بھی نہیں ہے۔ اس بات کا بھی پتہ نہیں کہ ٹھیکدار کون ہے ؟۔ عہدیدار کاموں کا جائزہ لئے بغیر ہی ٹھیکداروں کو رقم دے رہے ہیں وہ اپنی جیبیں بھررہے ہیں۔ ان سب کے درمیان ترقیاتی کام ہی درہم برہم ہوکر رہ گئے ہیں۔ اس بارے میںکئی دفعہ احتجاج کیا گیا ہے۔ افسران کی توجہ دلائی گئی ہے۔ عوامی نمائندوں سے بھی شکایت کی گئی ہے۔ اتنا سب ہونے کے بعد بھی بدنظمی جاری ہے۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ حکومت اور ضلع انتظامیہ کو فوری طور پر ضروری اقدام اٹھانے اور اسمارٹ سٹی کے معاملے میں درپیش مسائل کو دور کرنے پر زور دیا گیا ہے۔ اس موقع پر ناگریکا ہتارکشنا ویدیکے کے صدر کے وی وسنت کمار، ستیش کمار شیٹی، ایس بی اشوک کمار، جے ڈی منجوناتھ، سیتارام وغیرہ موجودتھے۔
