ساگر: ۔ملک کی آزادی کیلئے اپنی جانیں قربان کرنے والوں کو طلباء اور نوجوان نسلوں کوکبھی فراموش نہیں کرنا چاہئے ۔امسال آزادی کے امرت مہوتسو کے موقع پر ہم اپنے گھروں پر قومی پرچم لہراتے ہوئے اپنی حب الوطنی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ ان باتوں کا اظہار ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر سیلوامنی نے کیا ہے۔ انہوں نے آ ج ساگر تعلقے کے نہرو میدان میں تعلقہ انتظامیہ کی طرف سے منعقدہ ہر گھر ترنگا پروگرام کے دوران طلباء کو ترنگا جھنڈاتقسیم کرتے ہوئے کہا کہ 13 سے 15 اگست تک ہر گھر پر قومی پرچم لہرانا چاہیے۔ آزادی کے امرت مہوتسوا کے موقع پر پرچم کشائی کے ضابطے میں نرمی کی گئی ہے۔انہوں نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ 15 اگست کی شام 6 بجے کے بعد لہرائے گئے پرچم کو ہٹا دیا جانا چاہئے اور اسے محفوظ طریقے سے رکھا جانا چاہئے۔ قومی پرچم کی توہین نہ ہواس بات کا خیال ہر ایک کو رکھنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں 3.80 لاکھ قومی پرچم تیار کرکے ہر گھر تک پہنچانے کا کام جاری ہے۔ تقریباً 40 ہزار قومی پرچموں کی کمی کے پیش نظر ان کی تیاری کیلئے ضروری اقدامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے تمام سے گزارش کی ہے کہ وہ گھر گھر میں قومی پرچم لہراتے ہوئے اپنی حب الوطنی اور قومی فخر کو برقرار رکھیں۔ پروگرام کی صدارت ایچ ہالپا ہرتال نے کی اس موقع پر سب ڈویژنل آفیسر پلوی ، تحصیلدار ملیش بی پجار، تعلقہ پنچایت ای او پشپا کمار، میونسپل کونسل صدر مدھورا شیوانندوغیرہ موجودتھے۔
