شیموگہ:۔ آئین نے تمام بچوں کو خصوصی حقوق فراہم کیے ہیں ہر ایک کو ان سے حقوق سے آگاہی رہنے کی ضرورت ہے۔ قانون کے تحت بچوں کو دستیاب سہولیات فراہم کرنے کی ہر کسی کو کوشش کرنی چاہیے۔ ان باتوں کا اظہارچائلڈ ڈیولپمنٹ کمیٹی کی صدر ریکھا نے کیا ہے۔ انہوں نے شیموگہ شہر کے نوولے گورنمنٹ سینئر پرائمری اسکول میں بچوں کیلئے منعقدہ ’’بچوں کے حقوق وقانونی بیداری‘‘ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کو تعلیمی مرحلے سے ہی قانون اور سہولیات کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کیلئے کام کیا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہم معاشرے کے مختلف حصوں میں آئے دن بچوں کا استحصال دیکھ رہے ہیں۔ بچوں کے ساتھ زیادتی سے بچانے کیلئے ضروری ہے کہ اساتذہ، والدین اور عوام کو چاہیے کہ وہ اپنی ذمہ داری کو سمجھیں اوربچوں کے تحفظ میں بنائے گئے قانون کے بارے میں بیداری پیدا کریں۔ اس تقریب میں موجودشیموگہ ڈسٹرکٹ کامرس اینڈ انڈسٹری اسوسیشن کے جوائنٹ سکریٹری جی وجئے کمار نے کہا کہ بچپن کی شادی کو روکا جانا چاہئے۔ بچوں کی حفاظت کے بارے میں اساتذہ، خاندان اور دوستوں کو بہت فکر مند ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں پرجسمانی اور ذہنی تشدد کے خلاف کارروائی کو یقینی بنایا جانا چاہئے۔جے سی آئی شیموگہ سہیادری کے صدر ستیش چندرا نے کہا کہ پوسکو ایکٹ بچوں کو خصوصی تحفظ فراہم کرتا ہے۔ بچے سوشل میڈیا کا استعمال کرتے وقت والدین کو محتاط رہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو بچپن سے ہی قوانین کی آگاہی دی جانی چاہئے۔اس موقع پر جے سی آئی زونل ڈائریکٹر انوش گوڑا، سریندر کوٹیان، انر وہیل کے سابق صدر بندو وجئے کمار، ایس ڈی ایم سی کی نائب صدر سنگیتا دیگر موجود تھے۔
