دسہرہ تہوارکا شہر میں آغاز :پدم شری ایوارڈ یافتہ تلسی گوڈاکے ہاتھوں افتتاح

ڈ سٹرکٹ نیوز
شیموگہ: ۔شہر کے کوٹے شری چنڈیکا دُرگامندر میں شیموگہ بلدیہ کے ذریعہ منعقدہ پدم شری ایوارڈ یافتہ تلسی گوڈا کے ہاتھوں ریاستی تہوار دسہرے کا شاندار انداز میں افتتاح کیا گیا۔اس موقع پر پدم شری ایوارڈ یافتہ تلسی گوڑا نے کہا کہ میں دیوی کی مورتی دیکھ کر بہت خوش ہوں۔ انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ یہ دیوی ملک کے لوگوں کو تمام خوشیاں عطاکرے۔رکن اسمبلی کے ایس ایشورپا نے کہا کہ شیموگہ دسہرہ میسور کے علاوہ ریاست میں سب سے زیادہ منایا جانے والا دسہرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بار کا دسہرہ اہم ہے کیونکہ اس بار شیموگہ کارپوریشن انتظامیہ کو’’سوچھ شیموگہ کا ایوارڈـ‘‘ صدر جمہوریہ کے ذریعہ ملک میں پہلا مقام حاصل ہوا ہے۔ یہ خوشخبری دسہرہ کی شان میں ایک اورچاند لگارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ یہ تہوار برائی پر اچھائی کی جیت کا پیغام دیتا ہے۔ غیر ملکی قوتیں ماضی سے ہمارے ملک کو پریشان کر رہی ہیں۔لیکن اس بات کی تاریخ بھی ہمارے یہاں موجود ہے جس میں ہمارے محب وطن ہندوستانیوں نے ان کاڈٹ کر مقابلہ کیا ہے اور جیت بھی حاصل کی ہے۔ اس موقع پر میئر سنیتا انپا، ڈپٹی میئر شنکر گنی، کارپوریشن کی اپوزیشن لیڈر ریکھا رنگناتھ، کارپوریشن ممبران چنبسپا، یمونا رنگے گوڑا، وشواناتھ، کارپوریشن کمشنر ماینا گوڑا وغیرہ موجود تھے۔