شیموگہ:۔ کے پی سی سی کے ریاستی ترجمان گوپال کرشنا بیلور نے بی جے پی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بارش سے متاثرین کیلئے حکومت کی جانب سے اب تک کسی بھی طرح کا معاوضہ نہیں دیاگیاہے،اگر حکومت معاوضہ نہیں دے سکتی ہے تو بارش سے متاثرین افراد کو زہر دیکر مار دیں۔انہوں نے کانگریس دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں بات کرتے ہوئے کہاکہ ساگر تعلقہ کے شراوتی بیاک واٹر سے متاثر ہونےوالے افراد کو اب تک کسی بھی طرح کا معاوضہ نہیں دیاگیاہے۔ بی جے پی حکومت متاثرین کی زندگیوں سے کھیل رہی ہے۔انہوں نے بی جے پی حکومت پر تنقیدکرتے ہوئے کہاکہ بی جے پی کی حکومت ٹھگ حکومت ہے، منڈیا، میسور، شیموگہ وغیرہ میں قتل و غارت اب بھی ہو رہی ہے۔ ریپ کرنے والوں کی تعداد بڑھ رہی ہے لیکن ریاستی حکومت اس تعلق سے کسی بھی طرح اقدامات اٹھاتے ہوئے جرائم پر کنٹرول نہیں کررہی ہےاس سے یہ ثابت ہوتاہے کہ بی جے پی اب ایک ناقص حکومت ہے۔ایسا لگتا ہے کہ بی جے پی اب اپنی ہی پارٹی کے بسوانا گوڑا پاٹل یتنال کو نوٹس دے رہی ہے جو بی جے پی پر تنقید کرتے رہے ہیں لیکن انہیں پارٹی سے ہٹانے کا کوئی طریقہ نہیں ہے۔ بی جے پی لیڈران کو طاقت ہے تو یتنل کو نکال دیں، لیکن ایسا نہیں ہوگا۔ کیونکہ ایک شبہ ہے کہ یتنال کے پاس بی جے پی کے کچھ وزراء اور قانون سازوں کی سی ڈیز موجودہیں۔ اس سلسلے میں بی جے پی کے کچھ ممبران پہلے ہی عدالت سے سی ڈی کی فروخت پر روک لگا چکے ہیں۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بی جے پی لیڈر یتنال کو دیکھ کر ڈر جائیں گے۔انہوں نے کسانوں کے تعلق سے بات کرتے ہوئے کہاکہ حکومت کسانوں کی زندگیوں پر ڈاکہ ڈالاہے،کیونکہ بیرونی ممالک سے سپاری کی برآمدگی کرنا کسانوں کو اندھیرے کی زندگی میں تاریک کرنے کے برابر ہے۔
