دھارواڑ:۔عالمی یومِ اردو کی مناسبت سے آج یہاں انجمن اسلام دھارواڑ میں انجمن ترقی اردو ہند کی جانب سے ایک اہم نشست کا انعقاد کیا گیا۔ چونکہ نومبر کے مہینہ میں عالمی یوم اردو کا اہتمام کیا جاتا ہے، اسی کی منصوبہ بندی کرنے اس نشست کو منعقد کیا گیا تھا۔ انجمن ترقی اردوہند شاخ دھارواڑ اور ہبلی کے اس مشترکہ اجلاس میں ریاستی نائب صدر سید عبدالقدیر سرگروہ شریک رہے۔ انہوںنے اردو زبان کی ترقی و ترویج اور تحفظ کے تئیں ایک مختصر خطبہ دیا۔حال ہی میں مرکزی کمیٹی کی جانب سے منعقد ہوئی نشست کی روداد بھی پیش کی۔انہوں نے کہا کہ دنیا کے مختلف ممالک میں عالمی یومِ اردو کو بڑے ہی جوش و خروش کے ساتھ منایا جاتا ہے، لیکن افسوس کی بات ہے کہ جس زبان کا جنم جس سرزمین پر ہوا ہے وہاں کے لوگ اسے اتنی اہمیت نہیں دیتے جتنا کہ اس کا حق ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انجمن ترقی اردو ہند کی جانب سے ضلع دھارواڑ میں عالمی یومِ اردو کو بڑے پیمانے پر منایا جاتا ہے۔ انہوںنے تمام اساتذہ و محبان اردو کو ترغیب دلائی کہ وہ عالمی یوم اردو کو بڑے ہی جوش و خروش کے ساتھ منائیں اور اس کے ذریعہ اس پیاری زبان کے متعلق ہر ایک تک اس زبان کی آبیاری کے متعلق بیداری لائیں۔ اس موقع پر شاخ ہبلی کے صدر پرنسپل مشتاق احمد ایس ملا، خالد احمد جمعدار، آصف خان پاچھاپور، محمد آصف بنکاپور اور شعیب احمد مرزا ہبلی سے اس نشست میں حاضر رہے ۔ اس مشترکہ میٹنگ میں عالمی یوم اردو منانے کے متعلق غورو فکر اور بحث و مباحثہ کیا گیا۔ضلع میں زیادہ سے زیادہ جگہوں پر عالمی یوم ِاردو منانے اور اردو زبان کی آبیاری کے لئے مختلف پروگراموں کی تشکیل پر بھی غورو غوص کیا گیا۔ تمام شرکاء نے اپنی آراء پیش کیںاور مستقبل قریب میں مختلف پروگراموں کو عملی جامہ پہنانے کی منصوبہ بندی بھی کی گئی۔ اس سے قبل حافظ عبدالکریم مالاپور کی تلاوتِ کلام پاک سے اس نشست کا آغاز ہوا۔ بعد ازاں شاعر محمد ثناء اللہ ثناءؔ مکاندار نے نعت شریف کا نذرانہ پیش کیا۔شاعر عبدالرشید شادؔ نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔تاج الدین شیخ پنڈاری اور اعجاز احمد انعامدار نے نشست کی روداد کو قلمبند کیا ۔انجمن ترقی اردو ہند شاخ دھارواڑ کے صدر سید ابوطاہر سرگروہ نے افتتاحیہ کلمات پیش کئے، جبکہ نائب صدر محترمہ مہر افروز کاٹھیواڑی نے اپنے وسیع تجربات کی روشنی میں اہم تجاویزات پیش کئے۔ان کے علاوہ شیخ محمد حسین سوداگر اور سمیر الدین لکشمیشور نے بھی اپنی آراء پیش کی۔ نشست کے اختتام پر یہ طئے پایا کہ ضلع دھارواڑ میں عالمی یومِ اردو کو بڑے پیمانے پر منایا جائے گا اور شہر ہبلی میں بھی اسی نوعیت کا ایک پروگرام ہوگا۔ الغرض اردو کی آبیاری کے لئے ہر ایک کو بڑھ چڑھ کر کام کرنے کی ترغیب دلائی جائے گی، ثقافتی پروگراموں کا بھی انعقاد ہوگا۔ مشاعروں کے علاوہ بچوں کی حوصلہ افزائی کے لئے بھی پروگراموں کو تشکیل دیا جائے گا۔ اسی طرح کئی ایک نقاط پر بحث و مباحثہ کے بعد اردو کے تئیں مختلف پروگراموں کو منعقد کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی۔آخر میں عبد الرشید شادؔ نے شکریہ کی رسم ادا اور یوںاس اہم نشست کا اختتام ہوا۔
