ہاویری:۔ضلع ہاویری کے آگڑی گاؤں میں ایک ہی خاندان کے تین افراد نے اپنے ہی گھر میں پھانسی لگا کر خودکشی کرلی۔ جس کو لے کر کہا جارہا ہے کہ یہ تینوں اپنی بے عزتی برداشت نہیں کرپائے ہوں گے جس کے نتیجے میں خودکشی کرلی ہے۔ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق خودکشی کرنے والوں کی شناخت کرن (21)اس کی بیوی سوجنیا (20) اور کرن کی ماں بھارتی کمڈولّی (40) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔پڑوسیوں نے جب دیکھا کہ ان کے گھر سے کوئی باہر نہیں نکلا ہے تو انہوں نے کھڑکی کی مدد سے گھر کے اندر جھانک کر دیکھا، تو حیرت انگیز طور پر گھر کے اندر تینوں لوگوں کو پھانسی پر لٹکتا ہوا پایا۔بتایا گیا ہے کہ کرن اور سوجنیا کی شادی ہوئے صرف تین ماہ ہوئے تھے، دونوں خوش تھے ، ساس بھارتی بھی بہو کا بہت اچھا خیال رکھتی تھی۔لیکن حال ہی میں کرن کا بھائی ارون ایک نوجوان خاتون کے ساتھ بھاگ گیا تھا اور وہ دونوں چھ روز سے لاپتہ تھے۔ اس بات کو لے کر جوان خاتون کے گھر والے سخت غصے میں کرن کے گھر پہنچ کر تینوں کو ہراساں کیا تھا، بعض میڈیا میں آئی رپورٹوں کے مطابق فرار شدہ خاتون کے گھر والے کرن کے گھرپہنچ کر سخت طیش میں کرن کی پیٹائی کی تھی۔ شبہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ اسی بے عزتی کو برداشت نہ کرتے ہوئے کرن، اس کی بیوی سوجنیا اور کرن کی ماں بھارتی تینوں نے خودکشی کرلی۔اس تعلق سے ہاویری کے مضافاتی پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے اور پولس معاملے کی چھان بین کررہی ہے۔
