ضلع وقف بورڈاداروں کی کمیٹیوں کی تشکیل کیلئے سرگرم; شیموگہ مرکزی سُنی جامع مسجد سمیت کئی اداروں کی کمیٹیوں کی تشکیل کیلئے اٹھائے قدم

ڈ سٹرکٹ نیوز سلائیڈر
شیموگہ:۔شیموگہ ضلع وقف مشاورتی کمیٹی کے صدرکے عہدے پر فائز ہونےوالے محمد شفیع اُللہ نے ضلع کے کئی اوقافی اداروں کی کمیٹیوں کی تشکیل کیلئے اہم اقدامات اٹھائے ہیں،جس کے مطابق پچھلے کئی سالوں سے یہاں کی مرکزی سُنی جامع مسجدکی کمیٹی کی تشکیل کیلئے نشست عامہ(جنرل باڈی) کا انعقادکرنے کا فیصلہ کیاگیاہے۔آج شہرکےمسلم ہاسٹل کے ہال میں منعقدہ اہم نشست جس میں شہرکے تمام اوقافی سُنی مساجد کے صدرو سکریٹریز اور دیگرعمائدین کی موجودگی میں کمیٹی کی تشکیل کو لیکر فیصلہ سُنایاگیا۔اس موقع پر تمام کی رائے جمع کرنے کے بعد صدر محمد شفیع اُللہ نے اس بات کا اعلان کیاکہ اگلےتین جمعہ تک جنرل باڈی میٹنگ کیلئے اعلانات کئے جائینگے،تیسرے جمعہ کو جنرل باڈی میٹنگ کرتے ہوئے کمیٹی کی تشکیل کی جائیگی،اس بات پر تمام شرکاء متفق ہوئے۔اسی موقع پر اس بات کااظہارکیاگیاکہ کمیٹی کی تشکیل متفقہ طورپر کی جائیگی نہ کہ اس کیلئے الیکشن کیاجائیگا۔اس موقع پرضلع وقف مشاورتی کمیٹی کے نائب صدر ضمیر احمد،سیدجمیل احمد،رکن ریاض احمد ،قدیرصاحب،داداپیر،فخر الدین صدیقی،تنویر،برکت،صادق،رحیم وغیرہ موجودتھے۔اس کے بعد ضلع وقف مشاورتی کمیٹی کے صدر محمدشفیع اُللہ نے بتایاکہ سُنی جامع مسجدکمیٹی میں جملہ21 یا23 اراکین کو شریک کرنے کا فیصلہ کیاگیاہے۔پچھلے سات سالوں سے یہاں کی کمیٹی کی تشکیل نہیں ہو پائی تھی ،اب اسے جلد ازجلد تشکیل دینے کیلئے متعلقہ ذمہ داروں کے ساتھ بات کی گئی ہے ۔ مزید انہوں نے بتایاکہ ہوسنکر تعلقہ کے نگر کی درگاہ کی کمیٹی کی تشکیل ہوگئی ہے،اس کے علاوہ بھدراوتی تعلقہ کے حضرت سیدسادات درگاہ کی کمیٹی کی تشکیل کیلئے اسی جمعہ کو الیکشن کروایا جارہا ہے ،جس کیلئے ضلع وقف افسر سید مہتاب کی نگرانی میں کارروائی کی جائیگی۔