شیموگہ:(انقلاب نیوز) ایک طرف شہر کے امن و امان کو خراب کرنے والوں کو ٹکٹ دی گئی ہے دوسری طرف شر پسندوں کی تائید کرنے والے کو ٹکٹ دی گئی ہے، اس بات کو لے کر میں جے ڈی یس میں شامل ہوا ہوں، اس بات کا اظہار سابق رکن اسمبلی کے بی پرسننا کمار نے کیا ہے ۔ انہوں نے آج جے ڈی یس دفتر میں پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس دفعہ جے ڈی یس کو کامیاب کرنا میرا مقصد ہے، یہاں ووٹوں کی تعداد اہم نہیں ہے، جیت ایک ووٹ سے ہی کیوں نہ ہو وہ جیت ہی ہے۔ ٹکٹ کے لئے کانگریس پارٹی کے 11 دعویدار تھے، اس وقت ہم نے آئنور منجوناتھ کی مخالفت ضرور کی تھی لیکن اب معاملہ شیموگہ کی ترقی اور امن کا ہے جو جے ڈی یس سے ہی ممکن ہے، اب آئنور منجوناتھ کو کامیاب کرنا ہی ہمارا مقصد ہےاور ہم اس مقصد کو حاصل کرکے ہی رہینگے۔ مزید انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں کانگریس سے جے ڈی یس میں اور بھی کئی لیڈروں کی شمولیت ہوگی، ہم کسی کو زبردستی آنے کے لئے نہیں کہینگے بلکہ کانگریس کی تاناشاہی سے ناراض ہوکر لیڈران جے ڈی یس میں شامل ہونگے۔ جے ڈی یس امیدوار آئنور منجوناتھ نے اس موقع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کے داؤپیچ سے واقف سری کانت اور کے بی پرسنناکمار کے ایک ہونے سے مجھے بڑی طاقت ملی ہے۔ یہ انتخابات شیموگہ میں امن قائم کرنے کے لئے ایک سنگ میل ہے، یہاں شرپسندوں کا مقابلہ امن پسندوں سے ہورہاہے، اس دفعہ کانگریس کا ووٹ بینک جے ڈی یس کا ہوگا اسکے علاوہ بھاجپا کے ووٹ بھی جے ڈی یس کو ملیں گے۔ اس دوران جے ڈی یس کے ضلعی صدر یم سری کانت نے پارٹی میں شامل ہونے والے کارکنوں کا استقبال کیا۔
