دہلی:۔ہم جنس پرستوں یعنی یکساں جنس کے ساتھ شادی کے معاملے میں آج مرکزی حکومت نے سپریم کورٹ میں اپنی بات رکھتے ہوئے کہا کہ یہ ایک سماجی ایشو ہے اور عدالت کو چاہیے کہ یہ معاملہ غور و خوض کے لیے پارلیمنٹ پر چھوڑ دینا چاہیے۔ مرکزی حکومت کی طرف سے سالیسٹر جنرل نے کہا کہ پارلیمنٹ نے ان ایشوز پر بحث کی ہے اور قوانین بھی بنائے ہیں۔مرکز نے عدالت عظمیٰ سے کہا کہ عرضی دہندہ کو شادی کے لیے سماجی منظوری چاہیے۔ اس لیے یہ ایک مخصوص کلاس کا مسئلہ ہے۔ سالیسٹر جنرل نے کہا کہ اس کے بہت سے اثرات ہوں گے، جو صرف سماجی نہیں ہے۔ آپ ہماری دلیلوں پر توجہ دیں اور اسے سرے سے خارج نہ کریں۔ انھوں نے کہا کہ یہ مسئلہ صرف شادی کی منظوری سے متعلق نہیں ہے۔ اس ایشو کو لے کر بحث کی ضرورت ہے اور اس بحث میں ہر طبقہ کو شامل ہونا چاہیے۔ یہ ایک ایسا سوال ہے جو پہلی بار عدالت کے سامنے آیا ہے۔ اسے پہلے پارلیمنٹ کے سامنے ہونا چاہیے۔سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے عدالت کے سامنے کہا کہ کئی قوانین پر کئی طرح کے ایسے اثرات ہوں گے جس کی امید نہیں کی جا سکتی۔ اس لیے اس ایشو پر ریاست کے اسمبلیوں، شہری سماج گروپوں میں بحث کی ضرورت ہے۔ حکومت کی طرف سے کورٹ میں یہ بھی دلیل دی گئی ہے کہ ہم جنس پرستوں کی شادی کو منظوری دینے سے کئی قوانین متاثر ہوں گے۔
