اڈپی:۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا کی طرف سے جاری اعداد و شمار کے مطابق حالیہ اسمبلی الیکشن کے دوران اڈپی ضلع میں ہر دس ہزار ووٹرس میں سے 65 ووٹرس نے کسی بھی امیدوار کے حق میں ووٹ نہ دیتے ہوئے نوٹا آپشن کا استعمال کیا ہے ، جبکہ ریاستی سطح پر 0.69فیصد ووٹروں نے نوٹا کا استعمال کیا ہے ۔اس مرتبہ اڈپی ضلع میں 8.18 لاکھ ووٹروں نے پولنگ میں حصہ لیا ان میں سے 5391 ووٹروں نے فہرست میں موجود تمام امیدواروں کو مسترد کرتے ہوئے نوٹا کا بٹن دبایا ۔ البتہ 2018 کے اسمبلی الیکشن کے مقابلے میں یہ تعداد کچھ کم ہے کیونکہ اُس وقت یہاں نوٹا کا استعمال کرنے والوں کی تعداد 6728 تھی ۔ اس مرتبہ نوٹا کا سب سے زیادہ استعمال اڈپی حلقہ میں ہی کیا گیا ہے جہاں 1316 ووٹرس نے نوٹا کو منتخب کیا جبکہ 2018 میں یہ تعداد 1089 تھی ۔ نوٹا کے استعمال میں دوسرے مقام پر بیندور حلقہ ہے جہاں 1208 ووٹرس نے نوٹا کا بٹن دبایا ہے ۔ 2018 میں یہ تعداد 1647 تھی ۔ تیسرے مقام پر کنداپور حلقہ ہے جہاں نوٹا استعمال کرنے والوں کی تعداد 1141 ہے ۔ 2018 میں 1813 ووٹروں نے اس بٹن کا استعمال کیا تھا ۔
