منگلورو:۔سابق وزیر اور نو منتخب رکن اسمبلی یو ٹی قادر نے اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ پانچ سال کے لئے عمدہ، پاک و صاف اور شفاف اقتدار فراہم کرنا اور کانگریسی حکومت بی جے پی کے دور اقتدار سے کس طرح مختلف ہے ، یہ بات عوام کو دکھانا ریاست کی نئی کانگریسی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ۔یو ٹی قادر نے کہا کہ حالیہ اسمبلی الیکشن سچائی بمقابلہ جھوٹ ، تشہیر بمقابلہ پروپگنڈہ اور علم بمقابلہ جہالت کی جنگ پر مبنی تھا ۔ ریاست کے عوام نے نفرت کے خلاف اور ہم آہنگی و خوشحالی کے حق میں ووٹ دیا ہے ۔ کیونکہ عوام بی جے پی کی طرف سے پھیلائی گئی نفرت اور استحصال سے بیزار آ گئے تھے ۔ منگلورو اور اڈپی ضلع میں کانگریس پارٹی کی خراب کارکردگی کے تعلق سے قادر نے بتایا کہ بی جے پی کے پروپگنڈہ کی وجہ سے ان دو اضلاع میں پارٹی کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ۔ منگلورو میں میرا اپنا حلقہ بی جے پی کے پروپگنڈہ سے باہر نہیں نکلا ہے ، ورنہ میں 50 ہزار سے زائد ووٹوں سے جیت درج کر سکتا تھا ۔ کانگریس پارٹی ان دو اضلاع میں ناکامی کے اسباب کا حلقہ وار جائزہ لے گی اور آنے والے دنوں میں حکومت کی اچھی کارکردگی کے ذریعے یہاں کے عوام کا دل جیتنے کے منصوبے بنائے گی ۔ جب انہیں ڈپٹی چیف منسٹر یا منسٹر بنائے جانے کے تعلق سے پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ میں اس کے لئے کوئی لابی نہیں کروں گا ۔ ماضی میں مجھے جو بھی ذمہ داریاں دی گئی ہیں میں نے انہیں بڑی عمدگی اور خوش اسلوبی سے پورا کیا ہے ۔
