ربیع الاول کی آمد عالمِ اسلام کے لئے رحمت و اتحاد کا باعث ہو: تنویر ہاشمی

اسٹیٹ نیوز
بیجاپور:۔اللہ تعالیٰ نے حضور اکرمﷺکو سارے عالمین کیلئے رحمتِ تمام بناکر مبعوث فرمایا اور آپ علیہ السلام نے ظلم وتشدد، بربریت وناانصافی، قتل و قتال کے خاتمہ اور انسانیت نوازی و انصاف کی بالا دستی، حقوق اللہ و حقوق العباد اور اقامتِ دین کے لئے جد و جہد کر تے ہو ئے ہر سطح پر اتحاد قائم کر نے کی دعوت دی بالخصوص اتحاد بین المسلمین کی ترغیب دلائی۔ ماہِ ربیع الاول حضور اکرمﷺ کی ولادت کا مہینہ ہے جس کے ذریعہ عالمِ اسلام کو متحد ہونے کا آفاقی پیغام دیا جارہاہے ۔ ان خیالات کا اظہار جماعتِ اہلِ سنت کرناٹکا کے صدر مولانا تنویر ہاشمی نے یکم ربیع الاول تاریخی شہر بیجاپور کے تاریخی محلہ جامع مسجد میں ایک عظیم الشان جشنِ استقبالِ ربیع الاول میں ایک جمِ غفیر کو خطاب کرتے ہوئے کیا ۔حالاتِ حاضرہ کے تناظر میں مزید تنویر ھاشمی نے فرمایا کہ اللہ تعالی نے حضور اکرم کی ولادت باسعادت کی برکتوں سے عالمِ انسانیت کو بے شمار نعمتوںاور رحمتوں سے سرفراز فرمایا بالخصوص کفر وشرک کے دلدل میں مبتلا انسانیت کو عقیدہ توحید و عقیدہ رسالت و عقیدہ آخرت سے بہرہ مند فرمایا۔ قرآن مجید جیسی بلند رتبہ ہر عیب سے پاک کتاب ، نماز روزہ حج و زکو جیسے عظیم عبادات سے شرف بخشا ۔دراصل ماہِ ربیع الاول میںآپ علیہ السلام کی تشریف آوری سے انسانیت کو شعورِ بندگی حاصل ہوا۔ ان نعمتوں کے حصول کا تقاضہ یہی ہے کہ ہم بحیثیت خیرِ امت آپ علیہ السلام کی سیرت کو اپناتے ہوئے احکامِ شریعت کے دائرے میں ولادت باسعادت کی خوشیوں کا خوب اظہار کریں، نیز سیرت النبی ﷺ کے جلسوں کا اہتمام کریںجن میں غیرمسلم ہم وطن بھائیوں کو اورہوسکے تو ان کے مذہبی رہنمائوں کو مدعو کریں۔ حضور اکرم ﷺ کی ولادت باسعادت کی خوشی میں بلڈ ڈونیشن کیمپ،فری آنکھوں کے آپریشن کا کیمپ اور بڑے پیمانے پر شجر کاری کی ترکیب بنائیں۔ ناگفتہ بہ حالات کے پیشِ نظر جلوسِ عیدمیلاد النبی ﷺکے موقع پر ہرطرح کی غلط نعرہ بازی سے گریز کریں۔ ائمہ مساجد ربیع الاول کے تمام جمعہ میں حضور اکرم ﷺ کی سیرت وعظمت کو بیان کرتے ہوئے نوجوانان ِ ملت کے اخلاقی اصلاح کی بھرپور کوشش کریں۔ خواتینِ اسلام گھروںمیںمجالسِ میلاد کا اہتمام کریںاور خصوصی طورپر درود شریف کی مجالس سجائیں۔اس اجلاس میں  مفتی عون الاعظمی مصباحی ، مولانا سید گیسودراز حسینی ، سید اختر پاشاہ حسینی نے احسن انداز میں خطا بات فرمائے اور مولانا حشمت علی مولانا محمد حسین و ناصر ہاشمی نے نعتوں کا خوبصورت گل دستہ بارگاہِ رسالت مآب میں پیش کیا ۔ عبدالحمید مشرف کے علاوہ کثیر تعداد میں مشائخ و علما کرام و عمائدین موجود رہے ۔فاروق شطاری نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔ صلا و سلام اور دعا پر جلسہ اختتام پذیر ہوا ۔ واضح ہو کہ یہ اجلاس ہر سال جماعتِ اہلِ سنت کرناٹکا شاخ ضلع بیجاپور کے زیرِ اہتمام منعقد ہوتا ہے۔