شادی بیاہ اور مذہبی تہواروں میں پٹاخے پھوڑنا ممنوع:حکومت کا فیصلہ

اسٹیٹ نیوز سلائیڈر
بنگلورو:۔کرناٹک میں شادی بیاہ اور مذہبی،سیاسی تقاریب کے موقع پر پٹاخے پھوڑنے کو ریاستی حکومت نے ممنوع قراردیاہے۔اس سلسلے میں آج وزیر اعلیٰ سدرامیا،ڈی سی ایم دی کے شیوکمار سمیت ریاستی حکومت کے اعلیٰ عہدیداروں نے خصوصی نشست منعقدکی تھی،جس میں اس بات کا فیصلہ لیاگیاہے کہ صرف آلودگی سے پاک پٹاخوں کا استعمال کیاجائے،سپریم کورٹ کے احکامات بھی یہی ہیں،ان احکامات پر عمل پیراں ہوناپڑیگا۔پچھلے دنوں بنگلوروکے اتیبیلے میں پیش آنےوالےحادثے کے بعد آج ریاستی حکومت نے اس سلسلے میں خصوصی نشست بلائی تھی،اس کے بعد انہوں نے نامہ نگاروں سےبات کرتے ہوئے کہاکہ ریاست کے تمام پٹاخے ڈیلرس کا لائسنس اور گوداموں کا معائنہ کیاجائیگا،پہلے پانچ سال میں ایک مرتبہ لائسنس کا ریونیول ہواکرتاتھا،اب اسے ہر سال ریونیول کروانا ہو گا ، ریاست کے تمام پٹاخوں کے گوداموں کا معائنہ کیا جائے،اگر ضوابط کے مطابق گودام نہ ہوں تو اُن گوداموں کے مالکان کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے ۔اگر مستقبل میں پٹاخوں کے گودام میں اس طرح کے حادثے پیش آتے ہیں تو اس سلسلے میں تحصیلدار، انسپکٹر اور ریجنل آفیسر کے خلاف کارروائی کی جائیگی،اس وقت ہم نے اتیبیلے کے معاملے میں یہ کارروائی کی ہے۔ایکسپلوزیو ایکٹ کے مطابق احتیاط برتنا ضروری ہے،اگر ان ضوابط میں لاپرواہی برتی جائے تو ان پر مزید سخت کارروائی کی جائیگی۔لائسنس لینے سے قبل کارپوریشن ،بجلی محکمہ، ٹرافک پولیس،سیول پولیس، فائربریگیڈ سے این او سی لینا ضروری ہوگا۔اس دوران وزیر اعلیٰ نے بتایاکہ شادی بیاہ کے موقع پر ،سیاسی جلسے،مذہبی تہوارکے موقع پر گرین کریکرس کا استعمال کرناہوگااور رات دس بجے کے بعد پٹاخوں کا استعمال ہر حال میں منع کیاگیاہے۔