شیموگہ:۔آوارہ کُتوں کی نسبندی کرنے کیلئے آج شیموگہ میں کے ڈی پی نشست کے دوران متفقہ طورپر فیصلہ لیا گیا ہے ۔ ضلع نگران وزیر مدھو بنگارپاکی صدارت میں منعقدہ کے ڈی پی کی نشست میں کہاگیاکہ ضلع میں آوارہ کُتوں کی تعدادمیں اضافہ ہواہے،جس کی وجہ سے آئے دن آوارہ کُتوںکی طرف سے انسانوں پر حملوں کی وارداتیں بڑھنے لگی ہیں۔جس پر ڈپٹی کمشنرنے بتایاکہ کُتوں کی نسل کو روکنے کیلئے نسبندی کی مہم چلائی جارہی ہے۔کے ڈی پی نشست کے دوران مدھوبنگارپااور شیموگہ کے رکن اسمبلی چنبسپاکے درمیان شدید بحث ہوئی، چنبسپانے بتایاکہ شیموگہ ضلع کو خشک سالی سے متاثرہ ضلع قراردیاگیاہے،لیکن اب تک ضلع میں امدادی کام وکاج کیلئے ایک روپیہ بھی نہیں آیا،اگر پیسے نہیں ہونگے تو کام کیسے ہوگا؟اس پر مدھوبنگارپانے سخت الفاظ میں کہاکہ آپ کواعداد وشمار کا علم نہیں ہے،پہلے آپ افسروں سے معلومات حاصل کریں پھر بات کریں۔کے ڈی پی کی نشست معنی خیز اور اہم مانی جاتی ہے،لیکن آج کی اس نشست میں بھدراوتی کے رکن اسمبلی بی کے سنگھ میش،ساگر کے رکن اسمبلی بیلوروگوپال کرشنا،شکاری پور کے ایم ایل اے بی وائی وجیندراغیر حاضرتھے۔
