کراچی:۔ کراچی کے راشد منہاس روڈ پرواقع کمرشل عمارت میں لگنے والی آگ سے گیارہ افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہو گئے، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، زخمیوں میں بعض افراد کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے۔رپورٹوں کے مطابق کمرشل عمارت میں لگنے والی آگ تین سے چار منزلوں تک پھیل گئی، جس کی زد میں آکر درجنوں دکانیں خاکستر ہو گئیں۔ حفاظتی اقدامات کے تحت اطراف کی عمارتوں کی بجلی معطل کرکے امدادی کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں۔فائر بریگیڈ حکام نے ابتدائی طور پر بتایا کہ شاپنگ مال کی چھت پر رکھے جنریٹر میں آگ لگی تھی، جس کی اطلاع پر کارروائی شروع کی گئی اور 2 افراد کو اسنارکل کی مدد سے ریسکیو کیا گیا، بعد ازاں آگ کے پھیل جانے پر 8 فائر ٹینڈر ، ایک باؤزر اور ایک اسنارکل کی مدد سے آگ بجھانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔عمارت میں مزید کئی افراد کے پھنسے ہونے کی اطلاعات ہیں، جنہیں امدادی اہل کار ریسکیو کررہے ہیں۔ اب تک تقریباً 35 سے زیادہ افراد کو ریسکیو کیا جا چکا ہے، جن میں سے کچھ کو بے ہوشی کی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ڈی سی ایسٹ الطاف شیخ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ آگ پر تقریباً قابو پایا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آگ دوسری منزل پر رات میں کسی وقت لگی، جس نے بعد ازاں تیسری اور چوتھی منزل کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ دھویں کی وجہ سے امدادی کارکنوں کو کارروائی میں مشکلات کا سامنا ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ 6 منزلہ عمارت میں آگ بجھانے کا نظام موجود نہیں تھا۔ عمارت چاروں جانب سے بند ہے جب کہ وینٹی لیشن کا بھی کوئی مناسب انتظام نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ جنریٹر میں آگ لگنے کی بات درست نہیں ہے۔
