بنگلورو:۔کرناٹک حکومت نے تمام قیاس آراؤں کے بیچ آخر کار 10 ویں (ایس ایس ایل سی) امتحان 2021 کے لئے رہنما اصول اور ایس او پیز جاری کردیئے۔ ریاست میں کوویڈ۔ 19 انفیکشن کی صورتحال کے پیش نظر حکومت نے ہدایت کی ہے کہ وہ کورونا سے بچنے کے لئے جاری کردہ رہنما خطوط پر سختی سے عمل کرے۔ ایس او پی جاری کرتے ہوئے پرائمری اور سیکنڈری ایجوکیشن کے وزیر ایس سریش کمار نے بھی امتحانی مراکز کے انچارج کو لازمی طور پر ایس او پی پر عمل کرنے کو کہا ہے۔ یہ امتحانات جولائی کے تیسرے ہفتے میں ہوں گے۔امتحان کے لئے جاری کردہ ایس او پی ایس کے مطابق امتحان ہال میں صرف 12 بچوں کی اجازت ہوگی۔ معاشرتی دوری برقرار رکھنے کے لئے ہر ڈیسک پر صرف ایک طالب علم بیٹھایا جائے گا۔امتحان ہال اور اس میں موجود فرنیچر کے ساتھ ساتھ بیت الخلا کو روزانہ امتحان سے پہلے اور اس کے بعد جراثیم کُش چھڑکاؤ سے صاف کرنا چاہئے۔ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ امتحان کے دن مرکز کے اندر اور باہر بھیڑ(مجمع) سے بچنے کے لئے ضروری ہے کہ حکام امتحان ہال میں طلباء کے داخلے کے لئے ایک تفصیلی لائحہ عمل بنائیں، تاکہ وہاں پر امتحانی مرکز کے اندر یا باہر کوئی بھیڑ نہیں۔امتحانات کے رہنما خطوط کے تحت ریاستی حکومت نے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر اساتذہ، عملے اور امتحان کے انعقاد میں شامل افسران کو کورونا سے حفاظت کا ویکسین لینا بھی لازمی کردیا ہے۔کرناٹک ایس ایس ایل سی امتحان 2021 ایس او پی کے مطابق کھانسی، عام سردی اور فلو میں مبتلا امیدواروں کے لئے دو کمرے مخصوص کیے جائیں۔ ایسے امیدواروں کو الگ سے بیٹھایا جائے اور انہیں اپنا امتحان ذاتی طور پر لکھنے کی اجازت دی جائے۔بخار کی علامات کی جانچ پڑتال کے لئے امتحانی ہال میں داخل ہونے والے تمام طلبا کو لازمی تھرمل اسکیننگ کروانی ہوگی۔ اس کے علاوہ امتحان ہال کے داخلی راستے پر پلس آکسیمٹر، پرائمری میڈیکل باکس اور ہینڈ سینیٹائزر بھی مہیا کرنا چاہئے۔ طلباء کو امتحانی ہال میں ہیلتھ کاؤنٹرز کے داخلے پر ماسک دیئے جائینگے۔
