صحافی مدثراحمد حضرت ٹیپوسلطان شہیدؒ ایوارڈ سے سرفراز

اسٹیٹ نیوز سلائیڈر

کرناٹکا مسلم متحدہ تحریک،فائیڈ فارماسیوٹیکل اور ایم ای جی نیوزکے اشتراک سے بنگلورومیں شاندار جلسے کے دوران مختلف سماجی کارکنان کو دیاگیا ایوارڈ
بنگلورو:۔کرناٹک کی معروف سماجی وفلاحی تنظیم کرناٹک مسلم متحدہ تحریک،ایم ای جی نیوز اور فائیڈ فارما سیوٹیکل کی جانب سے ریاست کے مختلف علاقوں سے منسلک ہونےوالے ڈاکٹرس،سماجی کارکنان،ادبی شخصیات اور صحافت سے وابستہ شخصیات کو حضرت ٹیپوسلطان ایوارڈ سے نوازاگیا۔بنگلوروکے کیپٹل ہوٹل میں منعقدہ شاندارتقریب کے دوران یہ ایوارڈ دیاگیاہے،اس میں روزنامہ آج کاانقلاب کے ایڈیٹر مدثراحمد کوبھی ان کی صحافتی خدمات پر حضرت ٹیپوسلطان ایوارڈ سے نوازاگیاہے۔اس ایوارڈکی تقسیم میں کرناٹک کے وزیر اعلیٰ کے سیاسی سکریٹری نصیر احمد،شیواجی نگر اسمبلی حلقے کے رکن اسمبلی رضوان ارشد،ایم ایل اے کرشنپا موجودتھے۔اس تقریب میں سالارپبلیکیشن ٹرسٹ بنگلورو،اٹل بہاری واجپئی میڈیکل کالج کے ڈین ڈاکٹر منوج کمار ایچ وی،بنگلورومیڈیکل کالج ریسرچ انسٹیٹیویٹ کے ڈین ڈاکٹر رمیش کرشنا،بی بی ایم پی کے چیف ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سید سراج مدنی،معروف شاعر سید حامدالدین، سماجی کارکن اے چندرشیکھر، کرلول گروپ کے مینجنگ ڈائریکٹر عثمان شریف،معروف آرٹسٹ اکبرمومن،معروف سماجی کارکن ساجدہ بیگم،فادر سیلواراج کو یہ ایوارڈدیاگیا۔اس کے علاوہ ادبی وسماجی شخصیت ڈاکٹر فریدہ رحمت اللہ کو لائف ٹائم اچیومینٹ ایوارڈ سے نوازاگیا۔پروگرام میں ایم ایل سی نصیراحمد نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آنےوالے دنوں میں ہونہارطلباء کو اسکالرشپ اور دیگر سہولیات کی پہل کی جائے۔رکن اسمبلی رضوان ارشدنے بات کرتے ہوئے کہاکہ حضرت ٹیپوسلطان شہیدؒ کے نام سے منسوب اس ایوارڈکی تقسیم واقعی قابل ستائش ہے،اس شخصیت کی تعریف ساری دنیا کرتی ہے،لیکن افسوس کی بات ہے کہ اپنے ہی وطن میں ان کی توہین اور ناقدری کی جارہی ہے۔ڈاکٹرس،صحافی،سماجی کارکنان،یہ سماج کیلئے ایک طرح سے مرہم ہیں،ان کی خدمات کا اعتراف کرنا سماج کی ذمہ داری ہے۔ایم ای جی ٹی وی کے چیرمین مختاراحمد نے حضرت ٹیپوسلطان ایوارڈکی تاریخ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ سماج میں مختلف شعبوں میں خدمات انجام دینے والوں کی نشاندہی کرنا ،اُن کی ہمت افزائی کرنا اورسماج میں اُنہیں متعارف کرانا ہماری ذمہ داری ہے،آنےوالے دنوں میں بھی ہم اس طرح کی خدمات انجام دینگے۔روزنامہ آج کاانقلاب کے ایڈیٹر مدثراحمدنے ایوارڈ قبول کرنے کے بعد اپنے تاثرات پیش کرتے ہوئے کہاکہ حضرت ٹیپوسلطان کی شخصیت کے سامنے ہماری کوئی اوقات نہیں ہے،اتنی عظیم شخصیت کے نام سے جوایوارڈ دیاگیاہے وہ ہمارے لئے قابل فخرہے اورہم پر مزید ذمہ داریاں بڑھ جاتی ہیں۔