آج کاانقلاب ویب پورٹل کا شاندار رسم اجراء 

ڈ سٹرکٹ نیوز سلائیڈر نمایاں

سچی خبروں کا ساتھ دیں : انجینئرمحمد ابراہیم ، انقلاب ایک تحریک کانام ہے : حامد عمری
شیموگہ:۔پچھلے 12 سالوں سے جاری روزنامہ آج کاانقلاب نے اب اپنا ویب پورٹل جاری کردیا ہے ، اس سلسلے میں آج شیموگہ شہر میں منعقدہ افتتاحی تقریب میں علمی ، ادبی ، سیاسی شخصیات کے علاوہ روزنامہ آج کاانقلاب کے قارئین کی بڑی تعداد رہی ۔ اس افتتاحی تقریب میں مہمان خصوصی کے طورپر شرکت کردہ یم جی گروپ کے یم ڈی انجنیئر محمد ابراہیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روزنامہ آج کاانقلاب کا مسلسل 12 سالوں تک چلناخوداس بات کی دلیل ہے کہ روزنامہ وقت کی ضرورت ہے اور سچائی کے ساتھ کام کررہاہے ، آئے دن جو ویب پورٹل اور نیوز چینل ہم دیکھ رہے ہیں وہ ذہنوں کو منتشر کرنے والی خبروں سے بھرے پڑے رہتے ہیں لیکن جہاں تک ہمارے علم میں یہ بات ہے روزنامہ آج کاانقلاب ان اشتعال انگیز خبروں سے پاک ہے ، ہم امید کرتے ہیں کہ یہ اخبار اچھے معاشرے کی تعمیر کے لئے کام کرے ۔ اس موقع پر جماعت اسلامی ہند کرناٹک کے سکریٹر ی مولانا عبدالغفار حامد عمری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انقلاب صرف ایک اخبار نہیں بلکہ تحریک کا نام ہے ، اس تحریک کو چلاکر جس انداز میںقوم ملت کو فائد ہ پہنچا رہے ہیں وہ قابل ستائش ہے ، اس اخبار کو ہر گھر تک پہنچانااور ہر گھر میں خریدکر پہنچانا ہماری ذمہ داری ہے ، 1400 سوسال پہلے بھی اسلام کی تحریک شروع ہوئی تھی جس کے نتیجے میں برائی ختم ہوئی اور بھلائی کا پیغام عام ہواہے ۔ اسٹیج پر تشریف فرما سیدوحید اڈو نے اخبار کے تعلق سے اپنے تاثرات پیش کرتے ہوئے کہا کہ اخبارات کا شروع ہونا اور ختم ہونا عام بات ہے لیکن روزنامہ نے استحکامات سے جیساکام کیا ہے وہ واقعی تعریف کے قابل ہے۔ ہم نے میڈیا کو نظر انداز کرنا شروع کیا تو میڈیا نے ہمیں بدنام کرنا شروع کیاہے ، ان حالات میں میڈیا کا استعمال کرنے کے لئے آگے آنا چاہئے۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نفیسہ بیگم نے بات کرتے ہوئے کہا کہ اخبارات کا مطالعہ ہماری معلومات میں اضافہ کرتاہے اور جو اخبار ہماری مادری زبان میں جاری ہواسکا مطالعہ کرنے سے ہمارا زیادہ فائدہ ہوگا۔مہمانان خصوصی کے طورپر سونا گروپس کے یم ڈی اقبال حبیب سیٹھ ، محمد عارف اللہ ، انجنیئرمہر علی خان بھی رونق اسٹیج تھے ۔ سب سے اہم پہلو یہ رہا کہ اسی تقریب میں مختلف شعبوں میں خدمات انجام دینے والوں کو تہنیت پیش کی گئی جبکہ جلسے کی صدارت روزنامہ آج کاانقلاب کے پبلشر سالار احمد اعجاز نے انجام دی ، مہمانوں کااستقبال ایڈیٹر مدثر احمد نے کیا ، جلسے کاآغاز قرآن پاک کی تلاوت سے ہوا جو جامع مسجد کے ثانی امام حافظ امتیاز نے پیش کیا ، نعت پاک امپیریل کالج کی طالبہ غوثیہ نے پیش کیا جبکہ کلام اقبال کو ڈی وی یس کالج کے طالب علم جنید احمد نے پیش کیا ۔ نظامت کے فرائض رحمت اللہ رحمت نے انجام دئے اور شکریہ کے کلمات روزنامہ کے معاون ایڈیٹر محمد لیاقت نے ادا کئے۔