بنگلورو:۔سابق وزیر اعلیٰ بی ایس یڈی یورپاکے بیٹے بی وائی وجیندراکو سراز نو تشکیل دئیے جانے والی کابینہ میں ممکنہ وزارت دئیے جانے کی بات کو لیکر کانگریس پارٹی نے شدید تنقیدکی ہے۔اس سلسلے میں کانگریس پارٹی نے سوشیل میڈیاپر ایک تحریک شروع کی جس میں خاندانی سیاست کی تنقیدکی گئی ہے۔کانگریس نے سوشیل میڈیاپر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ ریاست میں پہلی دفعہ سابق وزیر اعلیٰ کے بیٹے کو شرائط کی بنیاد پروزیر بنایاجارہاہے،سابق وزیر اعلیٰ بی ایس یڈی یورپاکے بیٹے بی وائی وجیندراکو بغیر انتخابات جیتائے وزارت دینے کی جو پہل ہوئی ہے وہ شرمناک بات ہے،اس سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ بی جے پی ہائی کمان یڈی یورپاکے سامنے گھٹنے ٹیک چکی ہے۔اب تک بی جے پی دوسری پارٹیوں کو اس معاملے میں نشانہ بناتی رہی ہے،لیکن اب خودوہ خاندانی سیاست کررہی ہے۔پچھلے دروازے سے بی وائی وجیندرا کو وزیر بناکر پھر ایک مرتبہ وجیندرا کو سوپرسی ایم بنانے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔وجیندرا کو کابینہ میں شامل کرتے ہوئے ریاست میں تبادلوں کادھندہ ،آپریشن کمل اور لوٹنے کیلئے قانونی اختیارات دئیے جارہے ہیں۔کانگریس نے اپنے تبصرے میں یہ بھی کہاکہ ریاست کئی مسائل کا شکارہوچکی ہے ،لیکن ریاست سے نمائندگی کررہے اراکین پارلیمان کی خاموشی افسوسناک ہے۔ان کے اس رویہ کے تعلق سےآنے والے انتخابات میں عوام انہیں سبق سکھائیگی۔
