گلبرگہ :اردو کے نامور ادیب، محقق اور استاد ڈاکٹر انیس صدیقی لکچرر اردو، نیشنل پی یو کالج کو، 5/ستمبر یوم اساتذہ کے موقع پر ودھان سودھا بنگلور کے بینکویٹ ہال میں منعقدہ پر شکوہ تقریب میں محکمہ پری یونیورسٹی ایجوکیشن بنگلور کی جانب سے بیسٹ لکچرر کے پر وقار ایوارڈ سے نوازا گیا. یہ ایوارڈ عزت مآب وزیر اعلیٰ کرناٹک شری بسواراج بومائ نے تفویض کیا۔ رضوان ارشد ایم ایل اے کی صدارت میں منعقدہ اس تقریب میں وزیر تعلیم سی ناگیش کے علاوہ کئی ایم ایل سی اور محکمہ تعلیمات کے تمام اعلیٰ افسران موجود تھے. واضح رہے کہ ڈاکٹر انیس صدیقی علاقہ کلیان کرناٹک کے پہلے اردو لکچرر ہیں جنھیں یہ ایوارڈ حاص ہوا ہے۔یہ ایوارڈ دراصل ڈاکٹر انیس صدیقی کی تیس سالہ تعلیمی، تدریسی، نصابی اور ادبی خدمات کا اعتراف ہے. ڈاکٹر انیس صدیقی تیس سال سے پیشہ تدریس سے وابستہ ہیں. اول تا دہم، پی یو سی سال اول و دوم کے علاوہ این سی ای آر ٹی کی مختلف نصابی کتابوں کی ترتیب و تدوین اور ترجمہ کے وسیع تجربے کے حامل انیس صدیقی اردو زبان و ادب کے بے لوث خدمت گزار کی حیثیت سے بھی اپنی خاص پہچان رکھتے ہیں. ڈاکٹر انیس صدیقی کی تحقیق و تدوین سے متعلق تاحال سات کتابیں شائع ہو چکی ہیں. تین میعادوں کے لیے کرناٹک اردو اکادمی کے رکن اور انجمن ترقی اردو ہند (شاخ) گلبرگہ کے معتمد کی حیثیت سے بھی ان کی خدمات قابل تحسین ہیں. ڈاکٹر انیس صدیقی کو ملا یہ ایوارڈ علاقہ کلیان کرناٹک کے اہل اردو اور ارباب تعلیم و تعلم کے لیے باعث افتخار ہے. ڈاکٹر انیس صدیقی نے ان تمام اعزا و اقارب، ادبا و شعرا کا شکریہ ادا کیا ہے، جنھوں نے مسرت کا اظہار کیا اور مبارک باد دی۔
