یوم میلاد النبی ﷺکے موقع پر انجمن اسلام شکاری پور کے مختلف پروگرام

ڈ سٹرکٹ نیوز سلائیڈر
شکاری پور:۔یوم میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کی مناسبت سے انجمن اسلام جامع مسجد شکاری پور کی جانب سے مختلف پروگرام منعقد کئے گئے۔سب سے پہلے بلیڈ کیمپ منعقد ہوا جس میں تحصیلدار بطورِ مہمان خصوصی شریک تھے۔انجمن اسلام کمیٹی کے تمام کارکنان نے بخوشی اپنے اپنے خون کا عطیہ پیش کیا ۔اس موقع سے خطاب کرتے ہوئے تحصیلدار کوی راج نے کہا کہ حضرت محمدﷺ کی ذاتِ گرامی سب کیلئے نمونہ اور آئیڈیل ہے،آج پوری دنیا یہ دن منارہی ہے۔آپ لوگوں کا یہ پروگرام مجھے بہت اچھا لگا۔اس طرح کے پروگرام انسانیت نوازی کا ثبوت دیتے ہیں اور آپ لوگوں نے آج ثابت کیا کہ ہم سب ایک ہیں۔اس طرح کے پروگرام ہر جگہ ہونے چاہئے تاکہ انسانیت اور بھائی چارگی کو فروغ ملے۔ضلعی پریس رپورٹر ہچرایپا نے جلسہ کی غرض و غایت بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ خوش آئند بات ہے کہ انجمن اسلام جامع مسجد روز بروز اچھے اچھے کام انجام دے رہی ہے ۔ اس سے انسانیت کا نفع ہوگا اور اس طرح کے پروگرام کو لوگ برسوں نہیں مدتوں یاد رکھیں گے ۔ انہوں نے ڈاکٹر حافظ کرناٹکی کے کاموں اور کارناموں کو سراہا اور کہا کہ ڈاکٹرحافظ کرناٹکی نے شکاری پور کے گلشن کو مہکا کے رکھ دیا ہے۔انجمن اسلام جامع مسجد کے سکریٹری مقبول احمدنے آج کے پروگرام کی تفصیل سناتے ہوئے کہا کہ ہمارا پہلا پروگرام بلیڈ کیمپ کا انعقاد ہےاس کے بعد ہسپتال میں مریضوں کو فروٹ فراہم کیا جائیگا پھر دوپہر میں تمام اہلیانِ شکاری پور کیلئے ظہرانہ کا نظم بھی کیا گیا ہے۔بعد نمازِ ظہر غریبوں اور ضرورت مندوں میں راشن تقسیم کیا جائیگا ۔ پھر بعد نماز عشاء شہر کی مساجد میں سیرت النبی ﷺ کے عنوان پر علمائے کرام کے بیانات ہونگے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر حافظ کرناٹکی ایک متحرک اور فعال شخصیت ہیں ان کے ساتھ رہنے اور کام کرنے سے ہمارے حوصلوں کو تقویت ملتی ہے۔اس جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حافظ کرناٹکی نے اپنے صدارتی کلمات میں کہا کہ تاجدارِ مدینہ احمد مجتبیٰ محمد مصطفی ﷺ کسی ایک طبقہ کے نبی نہیں ہیں بلکہ پورے عالمِ انسانیت کے نبی ہیں جن کو سارے جہانوں کیلئے رحمت بنا کر بھیجا گیا ہے۔میڈیا کے سامنے ڈاکٹر حافظ کرناٹکی نے مذہب اسلام کا خوب خوب تعارف کرایا اور کہا مذہب اسلام امن اور شانتی کا مذہب ہے،لڑنا جھگڑنا، کسی کو ستانا ،پریشان کرنا اسلام کی تعلیمات نہیں ہیں۔کسی ایک شخص کی غلطی کو سامنے رکھ کر مذہب کو نشانہ بنانا اور اس کو بدنام کرنا انسانیت کے خلاف ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی وبا کورونا میں مرکز نظام الدین دہلی کو میڈیا نے جس طرح بدنام کرنے کی کوشش کی وہ یقیناً قابل افسوس ہے۔حافظ کرناٹکی نے سامعین کو سیرت النبی ﷺاور مذہب اسلام کے مطالعہ کی ترغیب دی اور کہا روئے زمین کی سب سے با اخلاق و باکردار شخصیت حضرت محمد ﷺہی کی ہے جس کی سرٹیفکیٹ قرآن نے دی ہے ۔انک لعلی خلق عظیم۔صدر انجمن اسلام جامع مسجد ڈاکٹر حافظ کرناٹکی نے انجمن کے بینر تلے ہونے والے تمام پروگراموں کو سراہا اور کہا کہ آج انجمن اسلام نے بلا تفریق مذہب و ملت ضرورت مندوں میں اناج و راشن تقسیم کر کے اللہ کے نبیﷺ کی تعلیمات پر عمل کیا ہے ۔ اس جلسہ میں انجمن کے نائب صدور حبیب اللہ ، کریم ، خزانچی ، اشرف اللہ، جعفر علی، قاسم، روشن ، یس یوسف علی عرف وزیر بھائی ،وقف بورڈ ممبر سید ،نائب چیرمین وقف بورڈ فیاض اور ان کے علاوہ دیگر عمائدین و نوجوانان شریک تھے۔