بھارت کی شکست کے بعد، پنجاب میں کشمیری طلباء پر حملہ; طلباء پر لگائے گئے”تم پاکستانی ہو’ کے نعرے”

سلائیڈر نیشنل نیوز
دہلی:۔آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کی بھارت کے خلاف فتح کے بعد پنجاب کے مختلف کالجوں میں زیر تعلیم کشمیری طلباء پر حملوں کی خبریں منظر عام پر آرہی ہیں۔ حملہ کرنے والوں میں اتر پردیش اور بہار کے لوگ شامل ہیں۔ ‘فری پریس کشمیر’ کی ایک رپورٹ کے مطابق پنجاب کے سنگرور میں بھائی گرو داس انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں کئی طلباء پر حملہ کیا گیا۔ ان کے ہاسٹل کے کمروں پر حملہ کیا گیا۔ایک طالب علم نے فیس بک پر حملے کی لائیو سٹریمنگ بھی کی۔ طلباء پر لاٹھیوں سے حملہ کیا گیا۔ فری پریس کشمیر نے بھائی گرو داس انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے انجینئرنگ کے طالب علم عاقب کے حوالے سے بتایا کہ اتر پردیش اور بہار کے کچھ طلباء نے اس کے کمرے میں گھس کر حملہ کیا۔ جبکہ کالج کے ایک اور طالب علم شعیب نے کہا ”ہم اپنے ہاسٹل کے کمروں میں تھے جب ہمیں باہر سے کچھ شور سنائی دیا۔ ہم یہ دیکھنے گئے کہ کیا ہو رہا ہے اور ایک دوسرے بلاک میں کچھ لوگوں نے کشمیری طلباء پر حملہ کرتے دیکھا۔ انہوں نے کمروں کی کھڑکیوں کے شیشے توڑ دیئے تھے اور ‘آپ پاکستانی ہیں ‘ کے نعرے لگا رہے تھے۔ایک اور طالب علم نے کہا ”مقامی پنجابی ہماری مدد کے لیے آئے۔ انہوں نے ہمیں ان حملوں سے بچانے کی کوشش کی۔ کئی دیگر طلباء نے بتایا کہ انہوں نے کالج انتظامیہ سے بات کی ہے اور انہیں یقین دلایا گیا ہے کہ معاملے کو سنجیدگی سے لیا جائے گا۔واضح ہو کہ اس واقع میں سے کم کم چھ کشمیری طلباء زخمی ہوئے ہیں۔جموں و کشمیر اسٹوڈنٹس اسوسی ایشن کے ترجمان ناصر خوہمی نے فری پریس کشمیر کو بتایا کہ انہیں میچ میں بھارت کی شکست کے بعد پنجاب کے مختلف کالجوں میں پڑھنے والے کشمیری طلباء کی طرف سے ہراساں کرنے والی کالز موصول ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا ”مجھے ان حملوں کی جو ویڈیوز مل رہی ہیں وہ بہت پریشان کن ہیں۔” انہوں نے کہا ”پنجاب پولیس نے ہمیں یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ اس معاملے کو دیکھیں گے اور ان حملوں میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کریں گے۔