ملک میں کرپٹو کرنسی کو تسلیم نہیں کیا جائیگا : نرملا سیتا رمن

سلائیڈر نیشنل نیوز
دہلی:۔ اگر آپ بٹ کوائن میں سرمایہ کاری کرتے ہیں، جو دنیا کی سب سے مقبول کرپٹو کرنسی ہے، تو آپ کو بڑا جھٹکا لگ سکتا ہے۔خیال رہے کہ وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے پیر کو پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کے دوران لوک سبھا میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان میں بٹ کوائن کو کرنسی کے طور پر تسلیم کرنے کی کوئی تجویز نہیں ہے۔یہ بھی بتایاگیا کہ ہندوستانی حکومت بٹ کوائن کے لین دین کا کوئی ڈیٹا اکٹھا نہیں کرتی ہے۔حکومت پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس میں کرپٹو کرنسی سے متعلق بل پیش کرے گی۔ جس میں پرائیویٹ کریپٹو کرنسیوں پر پابندی لگانے اور ریزرو بینک آف انڈیا کی ممکنہ ڈیجیٹل کرنسی کو ریگولیٹ کرنے کے لیے ایک فریم ورک بنانے کی بات کی گئی ہے۔ لوک سبھا کے بلیٹن کے مطابق کرپٹو کرنسی اور آفیشل ڈیجیٹل کرنسی ریگولیشن بل 2021 پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کے دوران ایوان زیریں میں پیش کیے جانے والے بلوں کی فہرست میں درج ہے۔مودی سرکار کی جانب سے پیش کیے جانے والے اس بل میں RBI کی ممکنہ ڈیجیٹل کرنسی کے لیے ایک معاون ڈھانچہ بنانے کی بات بھی کہی گئی ہے۔ مجوزہ بل ہندوستان میں تمام قسم کی نجی کرپٹو کرنسیوں پر پابندی لگانے کی تجویز پیش کرتا ہے، تاہم بعض صورتوں میں چھوٹ بھی دی جا سکتی ہے تاکہ کریپٹو کرنسی سے متعلق ٹیکنالوجی اور اس کے استعمال کو فروغ دیا جا سکے۔وزیر اعظم نریندر مودی نے اس مہینے کرپٹو کرنسی کے حوالے سے سینئر حکام کے ساتھ میٹنگ کی تھی۔ اس میٹنگ میں عندیہ دیا گیا کہ اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے سخت ضابطے وضع کئے جائیں گے۔ حالیہ دنوں میں کریپٹو کرنسیوں میں سرمایہ کاری میں بڑے فوائد کا وعدہ کرنے والے بہت سے اشتہارات سامنے آئے ہیں۔ ان میں فلمی شخصیات کو بھی دکھایا گیا ہے۔ اس صورت حال میں سرمایہ کاروں کو گمراہ کرنے والے وعدوں پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا تھا۔