شیموگہ:تیرتھ ہلی حلقے کو اپنے غلط بیانات اور نا قابل ستائش اقدام سے شرمندہ کررہے ریاستی وزیر داخلہ ارگاگیانیندرکو استعفیٰ دینے کا دبائو ڈالتے ہوئے تیرتھ ہلی میں بڑے پیمانے پر احتجاج ہوگا۔ اس بات کا اعلان کے پی سی سی ترجمان اورسابق وزیر کیمنے رتناکر نے کیا ہے۔ انہوں نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیر داخلہ ارگاگیانیندرنے بنگلور میں چندرو نامی نوجوان کے قتل کو فرقہ وارانہ تشددکارنگ دینے کےفوراً بعداپنی بات سےمکر گئے ہیں۔ وزیر داخلہ کے اس اقدام سے تیرتھ ہلی حلقے کو بدنما داغ لگا ہے اس لئے فوراً ارگا گیانیند کواپنے عہدے سے علیحدہ ہونا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ یہ افسوس کن ہے کہ حکمران پارٹی سے ہی فرقہ وارانہ تشدد ہورہے ہیں ۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ اور ریاستی گورنر سے مطالبہ کیا ہے کہ وزیر داخلہ کے عہدے کے نااہل ارگاگیانیندر کو اس عہدے سے برخاست کردیں۔ مزید انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ کے ذریعہ ہی اشتعال انگیز بیان سامنے آئے ہیں۔ جس کے پیش نظر وزیر داخلہ کے خلاف ہی مقدمہ داخل کیا جاناچاہئے۔انہوں نے مزید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ تیرتھ ہلی کے وقار کوداغدار کرنے والےوزیر داخلہ کو اخلاقی طور پر استعفیٰ دینا چاہئے۔
