شیموگہ:۔یہاں کے ماچنہلی میں واقع این یو اسپتال میں پہلی دفعہ ورسیس روبوٹک آپریشن سسٹم کا افتتاح وزیر داخلہ ارگا گیانیندرانے کیاہے۔اس دوران انہوں نےبات کرتے ہوئے کہاکہ شیموگہ سمیت اطراف واکناف کے مریضوں کیلئے یہ اچھی سہولت ہے، مریض اس سے استفادہ کریں۔ روبوٹک سسٹم سے علاج آسان ہوچکا ہے ،اس کیلئے ہم اسپتالوں کے ذمہ داروں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔اس روبوٹک سرجیکل سسٹم سے نہایت چھوٹے سے لیکر بڑے دماغ کے آپریشن کو آسانی کے ساتھ انجام دیاجاسکتاہے،اب تک اس طرح کا علاج حاصل کرنے کیلئے بنگلورویا منگلوروکا رخ کرناپڑتاتھا،لیکن اب شیموگہ میں ہی اس کی سہولت مل رہی ہے جو خوش ائند بات ہے۔مزید انہوں نے کہاکہ حکومت علاج ومعالجے کیلئے بڑے پیمانے پرفنڈس جاری کررہی ہے،اچھی سہولت کیلئے ہی حکومت نے میگان اسپتال میں معقول انتظامات کئے ہیں،اس اسپتال کو چاہیے کہ وہ مریضوں کیلئے معیاری علاج فراہم کرے۔اسپتال کے مینجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر پرسنناوینکٹیش نے بات کرتے ہوئے کہاکہ سال2020 میں ہم نے ماچنہلی میں اس اسپتال کا قیام کیاتھا۔نیفرو یورولوجی کے شعبے میں ہم نے اہم کامیابی حاصل کی ہے اور بھارت کے نامور اسپتالوں کی فہرست میں ہمارا شمارہورہاہے۔روبوٹک سرجیکل سسٹم بھارت کے 110 مراکز میں ہی دستیاب ہے۔پوری دُنیا میں16 روبوٹک سسٹم موجودہیں،ایسے میں شیموگہ کےا ندر یہ سہولت ملنا بہت بڑی بات ہے۔پروگرام میں ایم ایل سی ایس رودرے گوڈا،اسپتال کے ڈاکٹر پراوین،ڈاکٹر کایویا،کارتک وغیرہ موجودتھے۔
