دہلی:۔بی جے پی کی قیادت والی کرناٹک حکومت نے روہنگیا مسئلہ پر اپنے پرانے بیان سے یو ٹرن لے لیا ہے ۔ حکومت کی جانب سے سپریم کورٹ میں نظرثانی حلف نامہ داخل کیا گیا ہے۔ اس سے قبل حکومت نے کہا تھا کہ بنگلور میں مقیم روہنگیاؤں کو ہندوستان بدر کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ محکمہ داخلہ کے تازہ حلف نامہ میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے کرناٹک میں 126 روہنگیا کی شناخت کی ہے، البتہ ان روہنگیاؤں کو کرناٹک پولیس نے اپنے کسی کیمپ میں نہیں رکھا ہے۔اس معاملہ میں 2017 میں سپریم کورٹ میں مفاد عامہ کی عرضی دائر کی گئی تھی۔ اس میں مطالبہ کیا گیا کہ ہندوستان میں غیر قانونی طور پر مقیم تمام روہنگیا ؤںکو ایک سال کے اندر ہندوستان بدرکردیا جائے۔ درخواست میں یہ بھی کہا گیا کہ روہنگیا کی ملک میں موجودگی سکیورٹی کے لیے سنگین خطرہ ہے۔
